تنگ آ چکی ہوں، ٹک ٹاکر مناحل ملک کا جذباتی پیغام
مبینہ طور پر اپنی نامناسب ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ٹک ٹاکر مناحل ملک نے جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے جہاں اپنے مداحوں سے معافی مانگی ہے، وہیں انہوں نے بتایا کہ وہ لوگوں کے رویوں سے تنگ آ چکی ہیں اور اندر سے مر چکی ہیں۔
گزشتہ ہفتے مناحل ملک کی مبینہ نامناسب ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، جس پر انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ پھیلنے والی ویڈیوز جعلی ہیں، ان کی ویڈیوز کو ایڈٹ کر کے پھیلایا گیا۔
مناحل ملک کی جانب سے وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا صارفین اور بعض شوبز شخصیات نے دعویٰ کیا کہ ٹک ٹاکر نے اپنی ویڈیوز خود وائرل کیں۔
اب انہوں نے ایک وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کے رویوں سے تھک چکی ہیں اور اندر سے مر چکی ہیں۔
مناحل ملک نے انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ یہ زندگی بہت مختصر ہے، اپنوں کے ساتھ رہا کریں اور غلطی کرنے والوں کو معاف کردیا کریں۔
انہوں نے تعاون کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا، ساتھ ہی شکوہ کیا کہ لیکن یہ دنیا جینے نہیں دیتی، دنیا بہت ظالم ہے اور امید کرتی ہوں کہ آپ لوگوں کو دوبارہ کبھی اپنا چہرہ نہ دکھاؤں۔
مناحل ملک نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ وہ آخری بار مداحوں سے مخاطب ہے، انہوں نے کبھی اس طرح بات نہیں کی۔
ٹک ٹاکر نے لکھا کہ وہ تھک چکی ہیں اور اندر سے مر چکی ہیں، لوگوں کے رویوں نے انہیں توڑ دیا ہے۔
انہوں نے مداحوں کو تجویز دی کہ وہ نفرت پھیلانا بند کریں، اپنوں کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں اور غلطیاں کرنے پر معافیاں مانگیں اور معاف بھی کردیا کریں، اس زندگی کا کچھ پتا نہیں۔
مناحل ملک نے اپنی ایک اور پوسٹ میں مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ زندگی بہت مختصر ہے، پتا نہیں کب کیا ہوجائے، اس لیے انہیں معاف کردیا جائے۔
مناحل ملک کی جانب سے کی گئی جذباتی پوسٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور مداحوں نے ان سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔