دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی فہرست، پاکستانی پاسپورٹ کونسے نمبر پر آگیا؟

ویب ڈیسک: دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں ایک ایشیائی ملک سب سے اوپر جبکہ پاکستان نچلے نمبروں پر موجود ہے۔

ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کی گئی فہرست میں ایشیائی ملک سنگاپور کے پاسپورٹ کو طاقتور ترین قرار دیا گیا ہے،سنگاپور کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد 195 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔

فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں جن کے حامل افراد کو 192 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔

آسٹریا، ڈنمارک، جنوبی کوریا، فن لینڈ، آئرلینڈ، لگسمبرگ، سویڈن اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس 191 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

بیلجیئم، برطانیہ، سوئٹزر لینڈ، نیوزی لینڈ اور ناروے کے حصے میں چوتھا نمبر آیا اور ان ممالک کے پاسپورٹس سے 190 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے۔

189 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ آسٹریلیا اور پرتگال کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 5 ویں نمبر پر رہے،یونان اور پولینڈ کے پاسپورٹس (188 ممالک میں ویزا فری رسائی) کے حصے میں چھٹا نمبر آیا جبکہ کینیڈا، ہنگری، مالٹا اور چیک ریپبلک کے پاسپورٹس 187 ممالک تک ویزا رسائی کے ساتھ 7 ویں نمبر پر رہے۔

امریکی پاسپورٹ کے حامل افراد 186 ممالک تک ویزا فری سفر کرسکتے ہیں اور یہ 8 ویں نمبر پر رہا،ایسٹونیا، لتھوانیا اور متحدہ عرب امارات 9 ویں جبکہ آئس لینڈ، سلواکیہ اور لٹویا کے حصے میں 10 ویں طاقتور ترین پاسپورٹس کا اعزاز آیا۔

دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس
پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا 5 واں ملک قرار پایا ہے،مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں 102 واں نمبر آیا اور اس پر 33 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے۔

یمن بھی پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر 102 ویں نمبر پر موجود ہے،پاکستان اور یمن سے نیچے عراق (103)، شام (104) اور افغانستان (105) رہے۔

اسی طرح صومالیہ (101)، نیپال (100)، لیبیا (100)، بنگلادیش (99)، فلسطین (99) اور شمالی کوریا (98) کے پاسپورٹس پاکستان سے اوپر ہیں۔

Comments are closed.