پاکستان کی خوبصورت ترین سڑکیں، پہلے نمبر پر کونسی؟
ویب ڈیسک: سیرو سیاحت، لانگ ڈرائیو کے شوقین اچھی خبر، لانگ سفر کرنا اکثر افراد کی خواہش ہوتی ہے کبھی کبھار اس سفر میں بوریت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان میں ایسی سڑکیں موجود ہیں جن پر آپ سفر کرکے لطف اندوز ہوتے ہیں اور بوریت کا احساس تک نہیں ہوتا، پورا سفر دلچسپ اور یادگار بن جاتا ہے۔
تفصیلات کےمطابق نتھیا گلی سے ایبٹ آباد تک تعمیر کی جانے والی یہ خوبصورت سڑک 54 کلومیٹر طویل ہے، اس سڑک پر سفر کرتے ہوئے آپ کو وقت گزرنے کا پتہ ہی نہیں چلتا کیونکہ اس پورے سفر کے دوران آپ کے اردگرد مسلسل بلند و بالا پہاڑ اور ہریالی رہتی ہے اور یہ حسین مناظر آپ کو اپنے سحر میں گرفتار کیے رکھتے ہیں۔
مکران کوسٹل ہائی وے پر سفر کرنا زندگی بھر کے لیے ایک خوبصورت یادگار بن جاتا ہے،دلکش نظاروں کا مالک یہ ہائی وے پاکستان میں موجود بحیرہ عرب کے ساحل کے ساتھ ملحق ہے، یہ ہائی وے صوبہ سندھ کے شہر کراچی سے لے کر صوبے بلوچستان کے شہر گوادر تک 653 کلومیٹر کے ایک وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے.
وادی شگر کی یہ سڑک 170 کلومیٹر طویل ہے اور اسکردو سے اسکولے کے درمیان دریائے شگر کے ساتھ ملحق ہے، دریا اس سڑک کے حسن میں چار چاند لگا دیتا ہے اور یہاں سے گزرنے والے مسافر کبھی یہاں کی خوبصورتی کو فراموش نہیں کرپاتے، اگر آپ خوبصورت راستوں کے شوقین ہیں تو پھر آپ کو اس سڑک کا سفر ضرور کرنا چاہیے.
گوجال روڈ کے نام سے مشہور یہ حسین و جمیل سڑک گلمت گاؤں سے گزرتی ہے، اس سڑک پر سفر کے دوران آپ کا واسطہ متعدد خوبصورت اور پرکشش مناظر سے پڑتا ہے،یہاں سے گزرتے ہوئے تازہ ہوا کے جھونکے اور بلند پہاڑ پورے سفر کے دوران آپ کو اپنی جانب متوجہ کیے رکھتے ہیں.
پیر سوہاوہ کے نام سے مشہور مارگلہ پہاڑیوں کے درمیان سے گزرنے والی یہ سڑک خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے، قدرتی نظاروں سے محبت کرنے والوں کے لیے یہ مقام کسی جنت سے کم نہیں،کیا آپ تصور کرسکتے ہیں جب یہاں ہلکی ہلکی بوندا باندی ہوتی ہے تو یہ سڑک کتنا حسین منظر پیش کرتی ہوگی اور یہاں سے گزرنے والے افراد کو کتنا لطف آتا ہوگا؟
سانپ کی مانند بل کھاتی یہ عجیب و غریب سڑک آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں واقع ہے، اس سڑک پر سفر کے دوران انسان کو دور دور تک صرف ہرے بھرے درخت اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچاتی گھاس ہی نظر آتی ہے، یہاں کی خوبصورتی لفظوں میں بیان کرنا ناممکن ہے اس لیے ضروری ہے کہ آپ کو جب بھی موقع پر ملے اس سڑک کا سفر ضرور کریں۔
پاکستان کی سب سے خوبصورت سڑک ہونے کا اعزاز قراقرم ہائی وے کے پاس ہے، جس سے گزرتے ہوئے لاتعداد حسین اور دلفریب نظارے آپ کے منتظر ہوتے ہیں، اس ہائی وے کو دنیا کا 8واں عجوبہ بھی قرار دیا جاتا ہے، یہ ہائی وے چین اور پاکستان کو آپس میں منسلک کرتی ہے۔