چھونپڑی میں رہ لوں گی لیکن۔۔ صاحبہ نے شادی کے لئے واحد شرط کیا رکھی تھی؟ ریمبو کے انکشافات اور شادی شدہ مردوں کو مشورہ
“جو شخص اپنی بیوی یا کسی بھی خاتون کی عزت نہیں کرتا، وہ کبھی مرد کہلانے کا حق دار نہیں ہو سکتا۔” یہ کہنا ہے ماضی کے مشہور فلمی ہیرو جان ریمبو کا، جنہوں نے حال ہی میں سعود کے ہمراہ ایک مارننگ شو میں شرکت کی اور اپنے کیریئر، ازدواجی زندگی، اور محبت کی کہانی پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران، جان ریمبو نے اپنی اہلیہ صاحبہ سے پہلی ملاقات اور شادی کی دلچسپ داستان سنائی۔ ان کا کہنا تھا، “ہم دونوں پہلی بار ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ملے۔ یہ میری پہلی اور صاحبہ کی تیسری فلم تھی۔ شوٹنگ کے دوران ہی میں نے انہیں شادی کی پیشکش کر دی۔ لیکن ان دنوں صاحبہ مجھ سے دور رہنے لگیں۔” ریمبو کے مطابق، وقت گزرنے کے ساتھ صاحبہ بھی ان کے قریب آ گئیں اور دونوں نے محبت کے اس سفر کو شادی کے بندھن میں باندھ دیا۔
ریمو نے انکشاف کیا کہ شادی کے وقت صاحبہ کی ایک ہی خواہش تھی، “آپ مجھے جھونپڑی میں رکھیں یا محل میں، لیکن وہاں اے سی ضرور ہونا چاہیے!” ان کے مطابق، یہ واحد فرمائش بھی ان کی محبت کی گہرائی کا ثبوت تھی۔
اپنی کامیاب ازدواجی زندگی کے راز پر بات کرتے ہوئے، ریمبو نے کہا، “ہمارے درمیان بھی لڑائیاں ہوتی ہیں، لیکن جب ایک غصے میں ہو تو دوسرا خاموش رہتا ہے، یہی ہماری شادی کی کامیابی کا راز ہے۔ شوہروں کو چاہیے کہ جب بیوی غصے میں ہو تو ان کی بات سکون سے سن لیں، چند منٹ بعد بیوی کو اپنی غلطی کا احساس ہو جاتا ہے اور وہ چائے کا کپ لے کر آ جاتی ہیں۔”
انہوں نے شوہروں کو مشورہ دیا کہ عزت اور محبت شادی کا بنیادی عنصر ہے۔ “جس طرح بیوی شوہر کی عزت کرتی ہے، اسی طرح شوہر کو بھی بیوی کا احترام کرنا چاہیے۔ بیویوں کا یہ حق ہے، اور جو مرد اسے ادا نہیں کرتا، وہ مرد کہلانے کے لائق نہیں۔”