عمران خان سے سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کروانے والوں کے نام سامنے آگئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کروانے والوں کا نام بتا دیا ہے۔

گزشتہ روز عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کے لیے سول نافرمانی کی کال چند روز مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو دوبارہ سول نافرمانی کی کال دیدوں گا۔

اس حوالے سے لطیف کھوسہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید تفصیلات بتائیں اور کہا کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی، اختر مینگل اور دیگر کے مشورے پر سول نافرمانی تحریک کی کال مؤخرکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پہلے کہتی تھی ہم بات نہیں کرتے، ہم نے بات چیت کیلئے کمیٹی بنا دی تو اب تمسخر اڑاتے ہیں، جنہوں نے فارم 47 کے ذریعے انہیں بٹھایا ہے یہ انہی کی غلامی میں چل رہے ہیں۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے بعد عوام کو انصاف کی ذرا بھی امید نظر آرہی تھی تو وہ من پسند فیصلے لے کر منہدم کردی ہے، مجھے بتائیں کہ کیا ان من پسند فیصلوں سے ملک میں استحکام آجائے گا؟ جب تک سیاسی استحکام نہیں لائیں گے تب تک معاشی استحکام بھی نہیں لا سکتے۔

Comments are closed.