بارشوں کے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ آئی این پی)ملک بھر میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ہے۔بلوچستان کے شمالی اضلاع سےگزرنے والی این 50 اور این 25 ہائی ویز شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں، متعدد رابطہ سڑکیں بند اور سڑکوں پر برف ہی برف ہےخیبر پختونخوا میں برف باری کے باعث
موسم شدید سرد ہوگیا جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی ہے۔دوسری جانب کراچی میں سردی کی لہر کی شدت میں 24 سے36گھنٹوں میں کمی کا امکان ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق کراچی میں مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث سرد ہواؤں کے رخ میں تبدیلی آسکتی ہے جس کی وجہ سے سردی کی لہر کی شدت میں 24 سے36گھنٹوں میں کمی کا امکان ہے
۔موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی مزید کسی کولڈ ویو کا امکان نہیں ہے تاہم آئندہ 10 سے 15 دن راتیں سرد رہ سکتی ہیں۔موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے باعث دن کا درجہ حرارت حرارت بڑھ سکتا ہے، درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث کراچی کے شمال اور مغربی علاقوں میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔