شاداب خان کی شادی کی تقریبات کی تاریخ مقرر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان کے بارات اور ولیمے کی تاریخیں سامنے آگئیں ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے ذریعے شاداب کی بارات اور ولیمے کی تاریخیں سامنے آئی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ شاداب کی بارات اور ولیمے کی
تقریبات 9 اور 10 فروری کو اسلام آباد میں منعقد کی جائیں گی۔قبل ازیں شاداب خان کا نکاح ہو گیا انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو اطلاع دی، ان کا کہناتھا کہ الحمدللہ آج میرا نکاح تھا، یہ میری زندگی کا بہت بڑا دن تھا اور آج ایک نئے باب کا اضافہ ہو گیاہے، براہ مہربانی میرے انتخاب اور میری اہلیہ و ہمارے خاندان کا احترام کریں،
آپ سب کے لئے دعائیں اور ڈھیر سارا پیار۔ انہوں نے بتایا کہ ثقلین بھائی کے خاندان کا حصہ بن رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جب سے کرکٹ شروع کی تب سے نجی زندگی کو علیحدہ رکھنا چاہتا تھا، میری اہلیہ کی بھی یہی خواہش ہے وہ چاہتی ہیں کہ زندگی نجی ہی رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ سے گزارش ہے کہ میری اہلیہ اور ہمارے خاندان کی چوائس کا احترام کریں،
پھر اگر آپ سلامی بھیجنا چاہیں تو میں اکاؤنٹ نمبر دے دوں گا۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹر شاداب نے نکاح کے روز دوست کے اصرار پر بھی انگوٹھی نہ دکھائی۔سوشل میڈیا پر آل راؤنڈر شاداب خان کے نکاح کی تقریب کی مختلف تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئیں، اب شاداب کے نکاح کی تقریب سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہیں کسی دوست کی جانب سے رنگ دکھانے کا کہتے سنا جاسکتا ہے۔
ویڈیو بنانے والے شخص کی جانب سے کئی بار شاداب سے رنگ دکھانے کی خواہش کی گئی تاہم شاداب نے شرماتے ہوئے مختلف وضاحتیں پیش کیں اور رنگ نہ دکھائی۔چند روز قبل شاداب خان کا نکاح پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے ہوا۔