نجم سیٹھی کے دوست نے چار سال پہلے بابر اعظم کے متعلق کیا کہا تھا
لاہور (این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی ایوارڈز وصول کرنے کے بعد تصاویر شیئر کردیں۔بابر اعظم نے آئی سی سی ایوارڈز ملنے کے بعد اپنے گھر پر
خصوصی فوٹو سیشن کرایا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے 2021 اور 2022 میں ملنے والی ٹرافیز اور کیپس کے ہمراہ کرائے گئے فوٹو سیشن کی تصاویر سوشل میڈیا اکانٹ پر شیئر کیں۔بابر اعظم نے تصاویر کے ساتھ لکھا کہ
تم اپنے آپ میں ایک جادو ہو۔اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی بابر اعظم کی ایوارڈز کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔بدھ کے روز چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے بابر اعظم کو آئی سی سی ٹرافی دی تھی
۔بابر اعظم 2021ء میں آئی سی سی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم آ ف دی ایئر میں شامل تھے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کو 2021ء میں ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔واضح رہے کہ بابر اعظم نے 2022 ء میں 9میچوں میں 84.87کی اوسط سے 679رنز بنائے تھے۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق
ایورڈز دینے کے موقع پر نجم سیٹھی قذافی اسٹیڈیم کے گراؤنڈ میں داخل ہوتے وقت کپتان بابر اعظم کے سامنے انکشاف کرتے ہیں کہ 4 سال پہلے میرے ایک دوست نے کہا تھا کہ بابر اعظم نامی لڑکے کا خیال رکھنا وہ مستقبل میں ایک عظیم بیٹر بنے گا۔جس پر میں نے اپنے دوست سے کہا کہ
کون بابر اعظم میں تو نہیں جانتا۔ نام بھی نہیں سنا۔ دوست نے کہا کہ وہ انڈر 19 کا کپتان رہا ہے۔ آپ یاد رکھیے گا میں آپ کو کہہ رہا ہوں ایک دن آئے گا وہ ایک عظیم بلے باز بنے گا۔نجم سیٹھی نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ دن ہے اور آج کا دن میں اپنے اس دوست کو داد دیتا ہوں اور کہتا ہوں کہ بابر تو دنیا کا نمبر ایک بلے باز بن گیا ہے، مجھے ایک دو نام اور بتاؤ
۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نے سوال کیا کہ بابر آپ اس عمر میں آپ کو جو شہرت ملی ہے، اس کو کس طرح محسوس کرتے ہیں؟ جس پر جواب دیتے ہوئے کپتان نے کہا کہ
میں صرف محنت کرتا ہوں، کوشش کرتا ہوں چیزوں کو آسان رکھوں۔ اپنے مائنڈ سیٹ کو آسان اور فوکس رکھتا ہوں، جس کی وجہ سے کرکٹ آسان ہو جاتی ہے۔