پاکستان میں اس سال موسمِ سرما کس قدر سرد ہوگا؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

کراچی میں اکتوبر کے مہینے میں طویل وقت تک موسم گرم رہا۔محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس سال غیر معمولی سردی کا امکان نہیں ہے۔عمومی طور پر برف باری دسمبر اور جنوری میں ہوجاتی ہے لیکن گزشتہ برس یہ جنوری کے اختتام اور فروری میں ہوئی تھی۔ماہرین کے مطابق کراچی شہر میں اربن پلاننگ کا فقدان بھی شہر کو گرم ترین کر رہا ہے۔ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تبدیل ہوتے موسموں کے پیٹرن کو درست کرنا ناممکن ہے۔

کراچی — ملک بھر کے بالائی علاقوں اور شمالی علاقہ جات میں جہاں موسم سرد ہونا شروع ہوگیا ہے جب کہ پنجاب کے شہر لاہور میں اس وقت فضائی آلودگی کا بھی سامنا ہے، وہیں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اکتوبر کا مہینہ شدید گرم رہا۔ کراچی سمیت سندھ کے بہت سے اضلاح میں درجہ حرارت 38 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچے۔

محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں اکتوبر کے مہینے میں طویل وقت تک موسم گرم رہا۔ اب بھی نومبر کراچی شہر کے لیے گرم ہی ثابت ہوگا۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ 1951 میں اکتوبر کے مہینے میں کراچی کا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

ان کے بقول کراچی میں ستمبر اور اکتوبر عمومی طور پر گرم مہینے ہی ہوتے ہیں۔ لیکن یہ درست ہے کہ اس برس اکتوبر میں 12 سے 15 دن میں درجۂ حرارت گزشتہ برسوں کی نسبت گرم ترین رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی اکتوبر میں گرم دن آتے تھے۔ لیکن وہ اتنے نہیں ہوتے تھے جتنے اس مہینے میں رہے جس کی وجہ سمندری ہواؤں کا بند ہونا اور پوسٹ مون سون سیزن میں سمندر میں ڈپریشن کا بننا بھی تھا۔ ایسے میں سائیکلون بننے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار سمندر میں ایسے دو ڈپریشن بنے جو بحیرۂ عرب میں بنا اور پھر عمان کی جانب مڑ گیا جب کہ دوسرا یمن کی جانب چلا گیا۔ اس کی وجہ سے بھی سمندری ہوائیں متاثر ہوئیں۔

Comments are closed.