جیل سے رہائی پانے والے کارکنان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ مختصر ملاقات اورصرف ایک ہزار روپے ملنے پر سیخ پا ، اصل کہانی ہے کیا؟ جانیں
پشاور (ویب ڈیسک) جیل سے رہائی پانے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ مختصر ملاقات اور ایک ہزار روپے ملنے پر سیخ پا ہوگئے۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاج کیا۔ جیل سے رہائی کے بعد کارکنان وزیراعلیٰ سے ملاقات کیلئے آئے تھے۔ کارکنان کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ نے تین گھنٹے انتظارکروایا اور 5 منٹ ملاقات کرکے چلے گئے۔
ذرائع نے بتایاکہ وزیراعلیٰ کے کارکنوں کو ایک ، ایک ہزار روپے دینے پر ورکرزطیش میں آگئے، وزیر اعلیٰ مختصر گفتگو کے بعد واپس جانے لگے تو کارکنان نے نعرے لگائے۔
کارکنوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کارکن کو عزت دو کے نعرے لگائے۔ کارکنوں کا کہنا تھاکہ ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک میں گرفتار ہوئے ایک ایک ہزار روپے کیلئے نہیں۔
جیو نیوزکےمطابق ریجنل صدر پی ٹی آئی ارباب محمد عاصم کا کہناتھاکہ گزشتہ روز کارکنوں کیلئے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں کچھ ورکرز ناراض ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیو دیکھی ہے کچھ ورکرز نعرے لگا رہے تھے، جب وزیراعلیٰ موجود تھے اس وقت کوئی نعرے نہیں لگے، ویڈیو میں اندھیرا ہے اور سی ایم اندھیرا چھانے سے پہلے چلے گئے تھے۔
ارباب عاصم کا کہناتھاکہ ہوسکتا ہے ورکرزکی آپس میں بات ہوئی ہو اور ناراض ہوئے ہوں، ہم نے ورکرزکو عزت دی اور ان کو چائے پلائی، سیاسی پارٹیوں میں ناراض ورکرز معمولی سی بات ہے