موسم سرما کی پہلی بارش ، محکمہ موسمیات نے نوید سنادی

لاہور(نیوز ڈیسک)سموگ اور دھند کے باعث پریشان عوام کو محکمہ موسمیات نے اچھی خبر دے دی، جبکہ پشاور، شہر اور گردونواح میں قدرت کی رحمت برس پڑی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اور ملحقہ علاقوں میں سردی کی پہلی بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا، پشاور میں بادل برسنے سے موسم مزید سرد ہوگیا، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں باران رحمت برسنے کا سلسلہ جاری ہے،بارش سے ڈینگی اور سموگ کا زور ٹوٹ جائے گا، باران رحمت پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، اللہ کا شکر ادا کیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب صوبے کے مختلف علاقوں میں کل تک بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے،صوبہ کے مختلف اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ اور باجوڑ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور، مہمند، خیبر، صوابی، چارسدہ اور نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان کے اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔
یاد رہے کہ طویل خشک سالی کے بعد پشاور شہر اور گردونواح میں ہلکی ہوائوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

Comments are closed.