عوام اپنے قائد کی آواز پر نکلیں گے، کنفیوژن پھیلانے والے ناکام ہوں گے، ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سینیٹر فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ 24نومبر سے پہلے ہی ملک گیر احتجاج کی کال کی کامیابی کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ابھی عوام کا نکلنا باقی ہے مگر چڑیا گھر میں رکھے گئے جانوروں نے اچھل کود شروع کر دی ہے اور کنفیوژن پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن نے کہا کہ عمومی کہاوت ہے کہ زمین پر کوئی بڑی تبدیلی رونما ہونے کو ہو تو سب سے پہلے جانوروں کو علم ہوتا ہے اور وہ اپنے اپنے انداز میں اس پر ردعمل دیتے ہیں۔ باقی لوگ ان کی حرکات سے جائزہ لیتے اور اندازے لگاتے رہتے ہیں۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پچھلے اڑھائی برس سے جب بھی عوام کے پرامن احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے کا مرحلہ آتا ہے ایک شخص کو اسکرینوں پر بٹھا دیا جاتا ہے جو کہ فضولیات کے علاوہ کسی کام نہیں آتی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں جب عوام نکلے تو ان کو مسائل لاحق ہوگئے تھے، ان کی بے چینی دور دور تک محسوس کی گئی تھی، اور اب یہ بھر عوام میں کنفیوژن پھیلا رہے ہیں۔

’قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور قوم کی حقیقی آزادی انسانوں کے مسائل ہیں، چڑیا گھر کے باسیوں کو ان سب کی سمجھ ہے نہ ہی وہ اپنی خوراک کے برتن سے آگے کچھ دیکھ پاتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے نڈر، بہادر اور بیباک کپتان کے ساتھ اپنی حقیقی آزادی کے لیے یکسو اور متحرک ہیں، ان کی ان حرکات سے کنفیوز نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 24نومبر کو ہر پاکستانی پاکستان میں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی، بےگناہ سیاسی کارکنوں کی رہائی اور اپنی حقیقی آزادی کے لیے نکلے گا اور اڈیالہ میں ناحق قید اپنے کپتان کی آواز بنے گا۔

Comments are closed.