احتجاج کے دوران سخت حکومتی اقدامات سے نمٹنے کیلئے پی ٹی آئی کا انوکھا طریقہ

سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے جب کہ پارٹی نے حکومتی سخت اقدمات سے نمٹنے کے لیے ایک انوکھا اور اچھوتھا طریقہ متعارف کرا دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات کے جواب میں پیرا موٹرنگ میں استعمال ہونے والے پنکھوں جیسے بہت بڑے صنعتی پنکھے میدان میں لے آئی، اس کے علاوہ شرکا کو آنسو گیس کی شیلنگ کے اثرات سے بچانے کے لیے دیگر آلات، ساز و سامان کا استعمال بھی کیا جائے گا۔

یہ بڑے پنکھے ایک ٹرک پر رکھ کر ساتھ لائے جا رہے ہیں جب کہ پاکستان میں کسی سیاسی احتجاج میں شاید پہلی بار استعمال کیے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے ہیڈ اکرام کھٹانہ نے ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی جانب ان کے احتجاجی مارچ کے لیے ان پنکھوں کو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔

اکرام کھٹانہ نے کہا کہ ایسے 6 پنکھے پشاور سے روانہ ہونے والے پی ٹی آئی کے قافلے کا حصہ ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان پنکھوں کو چلانے کے لیے بجلی کے جنریٹرز کا انتظام کیا گیا ہے۔

Comments are closed.