مہینے کا 30 لاکھ کمانے والی اس ماڈل کی حقیقت آپ کو حیران کردے گی
سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی ہوشربا کمائی لوگوں کےلیے حیران کن تو ہوتی ہی ہے لیکن 30 لاکھ ماہانہ کمانے والی اس ماڈل کی حقیقت جان کر آپ مزید دنگ رہ جائیں گے۔
کیا آپ گلابی بالوں والوں اس 25 سالہ حسینہ سے واقف ہیں جس کے انسٹاگرام پر 3 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں اور اس کی ماہانہ کمائی 10 ہزار یورو سے زیادہ یعنی پاکستانی روپوں میں تقریباً 30 لاکھ روپے کے برابر ہے۔
دیگر سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی موجودگی میں اپنی ایک الگ پہچان بناتی ہوئی اس ماڈل کی حقیقت بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس حسینہ کا حقیقی دنیا سے کوئی تعلق نہیں۔
جی ہاں! گلابی بالوں والی یہ حسینہ دراصل انتہائی مہارت سے تیار کی گئی ورچوئل ماڈل ہے۔ اس اے آئی ماڈل کی تخلیق نے حقیقی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کےلیے خطرہ پیدا کردیا ہے۔
اے آئی ماڈل کا نام ’’ایٹانا‘‘ ہے جسے ’دی کلیو لیس‘ ایجنسی کے بانی روبن کروز کی جانب سے تخلیق کیا گیا ہے۔ اے آئی انفلوئنسر نہ صرف غیرمعمولی طور پر حقیقت سے قریب تر معلوم ہوتی ہے بلکہ انفلوئنسرز کی دنیا میں نت نئے ٹرینڈ بھی سیٹ کر رہی ہے۔
روبن کروز کا کہنا ہے کہ حقیقی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی جانب سے اپنی مصنوعات کی موثر تشہیر میں ناکامی اور ان کے نخروں کی وجہ سے ان کے ذہن میں ایک اے آئی ماڈل بنانے کا خیال آیا تھا۔
حقیقی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے برعکس چونکہ ایٹانا اے آئی کی تخلیق ہے، اس لیے ماڈل کی روزمرہ زندگی کو ڈیزائنرز اور اے آئی ایکپسرٹس پر مشتمل ٹیم تشکیل دیتی ہے، جس میں فوٹوشاپ اور دیگر ٹولز کی مدد سے ایٹانا کی روزمرہ زندگی کی سرگرمیوں پر مشتمل تصاویر اور ویڈیوز تخلیق کی جاتی ہیں۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ بہت سے لوگ ایٹانا کی حقیقت سے اب تک بے خبر ہیں اور کئی مشہور شخصیات کی جانب سے ایٹانا کو نجی پیغامات بھی بھیجے جاچکے ہیں۔