فیروز خان کی والدہ نے بیٹے اور سجل علی کے تعلقات پر خاموشی توڑ دی
معروف اداکار فیروز خان کی والدہ صوفیہ ملک کی جانب سے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں بیٹے کے ماضی میں اداکارہ سجل علی سے تعلقات پر گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
صوفیہ ملک نے حال ہی میں یوٹیوب کو دیے گئے انٹرویو میں گھر میں جادو، ٹونا ہونے سمیت بیٹے کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے جیسے معاملات پر بھی بات کی۔
انٹرویو میں انہوں نے بیٹی حمائمہ ملک کے اداکاری میں آنے اور ان کی جانب سے کم عمری میں ہی گھر کے معاشی معاملات سنبھالنے پر بھی گفتگو کی۔
انٹرویو میں انہوں نے اگرچہ اعتراف کیا تھا کہ ان کے بیٹے غصے والے ہیں، تاہم انہوں نے بیٹے پر سابق اہلیہ پر تشدد کی باتیں مسترد کیں اور دعویٰ کیا کہ جب ان کے بیٹے پر الزامات لگائے جا رہے تھے، اس وقت ’عورت کارڈ‘ چل رہا تھا۔
اسی انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے بیٹے کے سجل علی سے بھی تعلقات رہے، اگر وہ ان کی بہو ہوتی تو وہ کیسا محسوس کرتیں؟
اس پر والدہ فیروز خان نے مختصر جواب دیا اور سجل علی کی تعریفیں کیں۔
والدہ فیروز خان کا کہنا تھا کہ سجل علی پیاری بچی تھیں اور پیاری بچی ہیں جب کہ وہ انہیں ذاتی طور پر بھی اچھی لگتی تھیں۔
والدہ فیروز خان نے مزید کہا کہ لیکن ان سے نصیب میں نہیں تھا، اس لیے کچھ ہوا نہیں، جو نصیب میں ہوتا ہے، وہیں ہوتا ہے۔
والدہ فیروز خان کی جانب سے ماضی میں اداکار اور سجل علی کے درمیان تعلقات پر بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔