پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ کیلئے نام بھجوا دیے، کون کون شامل ہے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ کیلئے 20 نام بھجوا دیے۔

آئی سی سی کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے ابتدائی اسکواڈ جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ کیلئے 20 نام بھجوا دیے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق ابتدائی اسکواڈ کیلئے بھجوائے گئے 20 ناموں کا فی الحال اعلان نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 11 فروری کو حتمی اسکواڈ  کے اعلان تک پاکستان سہ فریقی سیریز کے دو میچ بھی کھیل چکا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں

ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی اسکواڈ تک صائم ایوب کے حوالے سے کلیئرٹی بھی آجائے گی، اس کے علاوہ 20 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کھلاڑی  سہ فریقی سیریز میں حصہ لیں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ 11 فروری تک ٹیموں کے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں آئی سی سی کی منظوری کے بغیر تبدیلی کی جاسکتی ہے لیکن 12 فروری کے بعد اعلان کردہ اسکواڈ میں آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت کے بعد ہی تبدیلی کی جاسکے گی۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان نے سہ فریقی سیریز کھیلنی ہے، سہ فریقی سیریز کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنے والے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہیں، سہ فریقی سیریز کے لیے فخر زمان کو موقع دیے جانےکا امکان ہے۔

صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔

Comments are closed.